کراچی: سرجانی ٹاؤن میں کار سے ملنے والی سوختہ لاش کی شناخت ہوگئی

مقتول کی شناخت 38 سالہ قربان حسین ولد غلام صابر خان کے نام سے کی گئی.

July 28, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی کے ضلع ویسٹ کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے کار سے برآمد ہونے والی جزوی طور پر جلی ہوئی لاش کی شناخت ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز اہلخانہ نے مقتول کو پہچاننے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول کی شناخت ممکن بنائی۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے شاہ بیگ گوٹھ میں کار سے ملنے والی جھلسی لاش کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے اور پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے شناخت کرلی ہے۔

ترجمان ایس ایس پی ویسٹ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر مقتول کے قبضے سے ملنے والی دستاویزات، موبائل فون اور کار کی بنیاد پر اس کی شناخت 42 سالہ ذیشان ناز ولد عبدالغفور کے نام سے ہوئی تھی، تاہم مقتول کے اہلخانہ نے لاش کی شناخت سے انکار کرتے ہوئے صرف برآمد ہونے والے سامان کی شناخت کی تھی۔

پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقتول کی شناخت کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ذرائع استعمال کیے، جس کے بعد بائیو میٹرک ڈیوائس کی مدد سے مقتول کی شناخت 38 سالہ قربان حسین ولد غلام صابر خان کے نام سے کی گئی۔

بعد ازاں ٹیکنیکل بنیادوں پر مقتول کے لواحقین کا سراغ لگا کر ان سے رابطہ کیا گیا اور واقعے کی اطلاع دی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق ضلع مظفر گڑھ سے ہے جبکہ وہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 7-A میں اہلیہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھا اور صفائی کا کام کرتا تھا۔

مقتول قربان حسین کی اہلیہ سکینہ بی بی نے اپنے شوہر کی لاش کی شناخت کرلی۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فون اور دستاویزات سے منسلک شخص کی تلاش جاری ہے، جبکہ مقتول کے قتل کے مقدمے کا اندراج کیا جارہا ہے۔