خون سفید ہوگیا،چابی گم ہونے پر پولیس اہلکار کا والدہ پر تشدد

واقعہ تھانہ سول لائن کی حدود جھنڈا چیچی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون کی درخواست پر اس کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہ

July 30, 2026 · جرم وسزا

راولپنڈی میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پولیس میں تعینات اہلکار پر اپنی ضعیف والدہ اور بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سول لائن کی حدود جھنڈا چیچی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون کی درخواست پر اس کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا کہ اس کے بیٹے فرخ منیر، جو راولپنڈی پولیس میں ملازم ہے، نے معمولی بات پر مشتعل ہوکر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق بیٹے نے چہرے پر تھپڑ مارے، بالوں سے پکڑا اور کپڑے پھاڑنے کی کوشش کی، جس سے وہ زخمی ہوگئی۔

درخواست گزار کے مطابق واقعے کے دوران اس کا دوسرا بیٹا کاشف منیر والدہ کو بچانے کے لیے آیا تو ملزم نے اس سے بھی جھگڑا کیا۔ بعد ازاں کاشف منیر نے ریسکیو 15 پر اطلاع دی۔

متاثرہ خاتون نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے اور قانونی کارروائی کی درخواست کی، جس پر مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔