سسٹم کولیپس ہوچکا ہے،نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد میں پہلی پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب

July 30, 2026 · اہم خبریں
سفارش پر نااہلی،اسلام آباد پولیس بھرتیوں پر محسن نقوی کا دوٹوک اعلان

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا موجودہ نظام مسائل حل کرنے کی صلاحیت کھو چکا ہے اور نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس نظام میں ہم رہ رہے ہیں وہ تباہ ہو چکا ہے، کوئی مانے یا نہ مانے سسٹم گر چکا ہے، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو دس سال بعد بھی انہی مسائل پر گفتگو ہو رہی ہوگی۔

اسلام آباد میں پہلی پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ عموماً سیاسی گفتگو سے گریز کرتے ہیں، تاہم آج انہیں اس موضوع پر بات کرنا ضروری محسوس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف صوبوں کے نمائندوں نے اپنے اپنے مسائل بیان کیے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہم سب ہیں اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ جمہوریت کے مضبوط حامی ہیں، تاہم جمہوری نظام کے اندر بھی اصلاحات کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف وقتی اقدامات یا مسائل پر قابو پانے کی کوششیں کافی نہیں، بلکہ بنیادی نظام کو درست کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن نظام کی اصلاح کا فیصلہ کر لیا جائے گا، اسی دن بہتری کا عمل شروع ہو جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا اور نئے انتظامی یونٹس یا صوبے قائم کرنا مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے انہیں انتظامی یونٹس کہا جائے یا صوبے، ملک کو اس سمت میں آگے بڑھنا ہوگا اور اس معاملے پر عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف امدادی رقوم، لیپ ٹاپ یا دیگر سہولتیں دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ انہیں میرٹ پر روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنا حق مانگ رہے ہیں اور اگر وہ متحد ہو گئے تو بڑے پیمانے پر تبدیلی لا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ہر سال بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے اور منفی مالی صورتحال کے ساتھ بجٹ بنانا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک نظام کو ازسرنو ترتیب نہیں دیا جائے گا، ملک کو درپیش معاشی اور انتظامی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔

محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل اوقات تک کام کرتے ہیں، لیکن صرف مسلسل بحرانوں سے نمٹنے کی کوششیں کافی نہیں، بلکہ پائیدار اصلاحات اور بنیادی تبدیلیاں ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہیں۔