گڈ گورننس کے بغیر سیکیورٹی مسائل حل نہیں ہوں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر

آئین و قانون کی بالادستی اور بہتر حکمرانی عوام کا حق ہے

July 31, 2026 · قومی

فائل فوٹو

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے گڈ گورننس انتہائی اہم ہے اور اس کے بغیر معاملات حل نہیں ہو سکتے، اس مقصد کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی معاملات پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، تاہم گڈ گورننس کے بغیر معاملات حل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات ہیں جن پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے گڈ گورننس انتہائی اہم ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر مسائل حل نہیں ہو رہے تو اس کا مطلب ہے کہ گڈ گورننس کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی پاکستان کے عوام کا حق ہے اور انہیں اس کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔ کیا ہم ہارڈ اسٹیٹ ہیں؟ ہارڈ اسٹیٹ وہ ہوتی ہے جس میں تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق ہوں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہارڈ اسٹیٹ کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ملٹری ریاست کو چلا رہی ہے، بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ریاست کے ساتھ وفادار ہوں۔