امریکہ نے آبنائے ہرمز عبور کرنے والے قطری بحری ٹینکر کو پاکستان پہنچنے سے روک دیا

ایران نے مذاکرات کے بعد ایل این جی سے بھرے ٹینکر کو گزرنے کی اجازت دی تھی، روٹ کے معاملے پر امریکہ اڑ گیا۔

July 31, 2026 · بام دنیا

قطر سے ایل این جی لے کر پاکستان آنے والا بحری جہاز آبنائے ہرمز عبور کرنے کے بعد قطر کی طرف مڑ گیا اور جمعہ کی دوپہر سے رات تک وہاں گول دائروں میں گھوم رہا تھا۔ اس دوران ایک دعویٰ یہ سامنے آیا ہے کہ امریکہ نے اس آئل ٹینکر کو پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ امریکہ نے اپنے قریبی اتحادی ملک یعنی پاکستان کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟

امریکہ ایران تنازعے کے سبب آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدو رفت محدود ہوگئی ہے۔ پاکستان نے گیس کی قلت سے بچنے کیلئے ایران سے مذاکرات کیے کہ وہ قطر سے پاکستان آنے والے ایک بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے تھے۔

آبنائے ہرمز میں اس وقت صورت حال یہ ہے کہ امریکہ چاہتا ہے بحری جہاز عمان کی طرف سے ہو کر گزریں۔ اس مقصد کے لیے امریکہ نے ایک نیا سمندری راستہ طے کیا ہے جسے آبنائے ہرمز کا جنوبی روٹ کہا جا رہا ہے۔

لیکن ایران اس نئے راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے کر رہا ہے۔ اس کا موقف ہے کہ جہاز اسی پرانے راستے پر چلیں گے جو ایرانی حدود سے گزرتا ہے اور ایران کو فیس بھی ادا کریں گے۔

پاکستان نے اپنی ضرورت کی ایل این جی کے لیے ایران سے مذاکرات کیے اور طے پایا کہ قطری بحری جہاز ایران کی سمت سے ہو کر آبنائے ہرمز عبور کرے گا۔ بعد میں ایسا ہی ہوا۔ 29 جولائی کی صبح قطری ایل این جی سے بھرا بحری جہاز العریش آبنائے ہرمز عبور کرکے پاکستان کی طرف بڑھنے لگا لیکن پھر اس کا رخ مڑ گیا۔

یہ بحری جہاز مشرق میں پاکستان کی طرف بڑھنے کے بجائے جنوب مغرب میں عمان کی طرف چل پڑا جہاں اس نے سمندر میں کئی چکر لگائے۔ سمندری ٹریفک پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ میرین ٹریکر کے ڈیٹا سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ بحری جہاز مسلسل حرکت میں رہتے ہوئے عمان کے ساحل کے قریب گھومتا رہا۔ اس کی رفتار 11 ناٹ سے کچھ اوپر تھی۔

جمعہ 31 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق سوا نو بجے تک یہی صورت حال تھی۔

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امریکہ نے العریش کو پاکستان جانے سے روک دیا ہے اور سبب یہ ہے کہ اس نے ایرانی روٹ استعمال کیا جس کے نتیجے میں ٹرمپ کو اپنی بے عزتی محسوس ہوئی۔ امریکی سینٹ کام سے پیغام موصول ہونے کے بعد جہاز نے عمان کا رخ کرلیا۔

بحری جہاز کی اعلانیہ منزل اب بھی کراچی میں پورٹ قاسم کی بندرگاہ ہے اور اسے چھ جولائی کو یہاں پہنچنا ہے۔

ایل این جی سے بھرے اس بحری آئل ٹینکر نے 19 جولائی کو اپنا سفر شروع کیا تھا۔ لیکن آبنائے ہرمز بند ہونے کے سبب یہ پھنس گیا تھا۔ تین ہفتوں میں آبنائے ہرمز عبور کرنے والا یہ پہلا بحری ٹینکر ہے۔

امریکی اور پاکستانی حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ بحری جہاز عمان کے قریب کیوں گھوم رہا ہے۔