عمان کے قریب آئل ٹینکر پر حملہ،انجن روم کو نقصان،تحقیقات جاری
حملہ عمان کے شہر لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا۔
مسقط:عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے داغے گئے پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
برطانیہ کی بحری سلامتی کی نگرانی کرنے والی تنظیم یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے مطابق حملہ عمان کے شہر لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد جہاز کا انجن روم متاثر ہوا، جس کے باعث آئل ٹینکر اپنی سمت برقرار رکھنے اور سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔
جہاز کی مالک کمپنی کے سکیورٹی حکام نے انجن روم کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ کوسٹ گارڈ کو فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ امدادی اور تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان یا سمندر میں تیل کے رساؤ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی اقدامات کے تحت صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے خلیج عمان اور اطراف سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف سمندری کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران اس اہم بحری راستے میں متعدد تجارتی جہازوں پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم اس تازہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا ملک نے قبول نہیں کی ہے۔