تلہ گنگ،چھ روز قبل غائب ہونے والی تحریم اختر مردہ حالت میں مل گئی
تحریم اختر گزشتہ چار سال سے اپنے ماموں کے گھر ڈھوک ڈالی داخلی موگلہ میں رہائش پذیر تھی
تلہ گنگ میں چھ روز قبل گھر سے لاپتہ ہونے والی 17 سالہ لڑکی تحریم اختر کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریم اختر گزشتہ چار سال سے اپنے ماموں کے گھر ڈھوک ڈالی داخلی موگلہ میں رہائش پذیر تھی۔ 24 اور 25 جولائی کی درمیانی شب وہ اچانک گھر سے غائب ہو گئی تھی۔
لڑکی کے ماموں کی درخواست پر تھانہ صدر تلہ گنگ میں 25 جولائی کو نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق آج موگلہ کے قریب ایک دربار کے پاس تحریم اختر کی لاش ملی، جو گھاس سے ڈھکی ہوئی تھی۔ لاش کی حالت دیکھ کر پولیس نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر تلہ گنگ کی پولیس ٹیم ایس ایچ او امان اللہ کی نگرانی میں موقع پر پہنچ گئی، جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم بھی شواہد جمع کرنے کے لیے طلب کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم لاش کا معائنہ کر کے ضروری نمونے حاصل کرے گی، جبکہ تفتیش کے ذریعے قتل کے محرکات اور ملوث افراد کا تعین کیا جائے گا۔