فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آپریشن تیز،گھروں کی تلاشی شروع
اسرائیلی فوجی ہفتے کی علی الصبح قصبے کے مختلف علاقوں میں داخل ہوئے اور درجنوں گھروں میں سرچ آپریشن کیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے شمالی علاقے عصیرہ الشمالیہ میں اسرائیلی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد گھروں کی تلاشی لی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فوجی ہفتے کی علی الصبح قصبے کے مختلف علاقوں میں داخل ہوئے اور درجنوں گھروں میں سرچ آپریشن کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے کئی فلسطینی شہریوں کو ایک گھر میں جمع کیا اور وہاں عارضی تفتیشی مرکز قائم کر کے ان سے پوچھ گچھ کی۔
فوری طور پر کسی گرفتاری یا جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب فلسطینی حکام کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کے دوران ایک فلسطینی جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ شہر کے علاقے صبرہ میں ایک موٹر سائیکل کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔
اسی طرح نصیرات پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں ایک رہائشی عمارت پر حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے العودہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔