شمالی کوریا کے آئی ٹی ماہرین جعلی شناخت سے آن لائن رقم کما رہے ہیں،مغربی ممالک
کام سے کمائی گئی رقم شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام میں جاتی ہے، 9 ممالک کی ایجنسیوں کا مشترکہ اعلامیہ
امریکا، جنوبی کوریا، جاپان اور برطانیہ سمیت مغربی اتحادی ممالک نے عالمی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کے آئی ٹی کارکن مبینہ طور پر پیانگ یانگ کے جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
نو ممالک کی 19 سرکاری ایجنسیوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے آئی ٹی ماہرین کو جعلی شناختوں کے ذریعے عالمی سطح پر ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے، جن سے حاصل ہونے والی آمدنی مبینہ طور پر ممنوعہ فوجی پروگراموں کی مالی ضروریات پوری کرنے میں استعمال ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شمالی کوریا کے آئی ٹی کارکن اپنی شناخت چھپانے اور آن لائن ملازمتوں کے حصول کے طریقوں کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔
اتحادی ممالک نے خبردار کیا کہ ایسے کارکن عالمی کمپنیوں کے لیے سائبر سکیورٹی خطرہ بن سکتے ہیں اور ان کے ذریعے حساس معلومات چوری، ڈیٹا لیک، کرپٹو کرنسی چوری اور جاسوسی جیسے واقعات کا خدشہ موجود ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق شمالی کوریا کے آئی ٹی کارکن اکثر غیر ملکی شہریوں کی شناخت استعمال کرتے ہوئے فری لانسنگ اور آن لائن ہائرنگ پلیٹ فارمز پر کام حاصل کرتے ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں اپنی آمدنی ریاستی اداروں تک منتقل کرتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ کارکن شمالی کوریا، چین، روس اور جنوب مشرقی ایشیا میں موجود سہولت کاروں کی مدد سے “لیپ ٹاپ فارمز” کے ذریعے اپنی اصل جگہ چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔
اتحادی ممالک نے عالمی کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملازمین کی شناخت کی تصدیق، ہارڈویئر چیکنگ اور سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔
شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت جوہری اور میزائل پروگرامز پر پابندیاں عائد ہیں، تاہم پیانگ یانگ مسلسل اپنے فوجی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔