عبداللہ طاہر قتل کیس،امریکا میں موجود مبینہ ملزم کے ریڈ وارنٹ کی کارروائی شروع
ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے تحت ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی جائے گی۔
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے بیرونِ ملک مقیم مبینہ مرکزی ملزم کے خلاف قانونی کارروائی تیز کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں نارووال کے رہائشی زمان کوگی کو قتل کی منصوبہ بندی سے جوڑا جا رہا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ عبداللہ طاہر اور مبینہ ملزم کے درمیان ریت کے ٹھیکے کے معاملے پر تنازع موجود تھا، جس کے بعد مبینہ طور پر شوٹرز کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
تحقیقات سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کو مبینہ طور پر نارووال میں ریت کا ٹھیکہ حاصل نہ کرنے کا کہا گیا تھا، تاہم ٹھیکہ حاصل کیے جانے کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ مرکزی ملزم اس وقت امریکا میں مقیم ہے، جس کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے تحت ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ سامنے آنے والی معلومات ابتدائی تحقیقات اور دستیاب شواہد پر مبنی ہیں، جبکہ کیس میں حتمی ذمہ داری کا تعین عدالت میں شواہد اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔