پاک ایران تعلقات دماوند اور K2 کی بلندیوں کی مانند مضبوط ہیں: ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا ایکس (ٹوئٹر) پر پیغام
پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک خصوصی خط اور پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، تہذیب، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں جو وقت کے ہر امتحان پر پورے اترے ہیں۔

ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ دونوں برادر ممالک کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کا اب ایک نیا اور بے مثال دور شروع ہو چکا ہے۔
ایرانی سفیر نے یاد دہانی کرائی کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، جبکہ پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کو سب سے پہلے تسلیم کیا۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے موقع پر پاکستانی پارلیمنٹ کی حمایتی قرارداد اور ایرانی عوام کے “پاکستان تشکر” کے نعروں کا خصوصی ذکر کیا۔
ٹویٹ کے ساتھ منسلک خط میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو سالوں میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان، پاکستانی وزیراعظم کے دورۂ ایران اور عسکری و سویلین قیادت کے رابطوں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
رضا امیری مقدم نے لکھا کہ “پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کی بلندی اور وقار دماوند اور K2 کے عظیم پہاڑوں کی مانند بلند ہے”، اور کوئی بھی بیرونی عنصر ان میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔