میر رضا نے خودکشی نہیں کی،اسے 4 گولیاں لگی ہیں، گورنرسندھ
نہال ہاشمی نے میر رضا کیس، سکیورٹی، آئینی کردار اور لیپ ٹاپ اسکیم پر گفتگو کی
فائل فوٹو
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی میں مارے گئے نوجوان میر رضا علی نے خودکشی نہیں کی گئی بلکہ اسے چار گولیاں لگی ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ بڑے اور زیادہ آبادی والے شہروں میں جرائم کی رح زیادہ ہوتی ہے، اس لیے کراچی میں سکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
میر رضا کی ہلاکت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق میر رضا نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے 4 گولیاں لگی ہیں، جبکہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور حتمی حقائق سامنے آئیں گے۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ کسی بھی نوجوان کی ہلاکت افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق 2010 میں جرائم کی شرح زیادہ تھی، تاہم اب جرائم میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی کا موازنہ مثبت انداز میں کیا جانا چاہیے اور تنقید کے بجائے ایک دوسرے کے کام سے سیکھنا چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ تقسیم کا لفظ انتہائی نامناسب ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ ملک تقسیم ہو۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ آئین کے تحت گورنر مقرر ہوئے ہیں اور آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ اب تک تقریباً 7 لاکھ لیپ ٹاپ طلبہ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ سال لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دینے کا ارادہ ہے۔