بجلی چوروں اور نادہندگان کے کیخلاف کریک ڈاؤن،7 ارب سےزائد کی ریکوریز
آپریشن میں 7073 بجلی چوروں پر 60 کروڑ 91 لاکھ سے زائد جرمانے عائد
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر آئیسکو نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 7 ارب روپے سے زائد کے واجبات وصول کر لیے۔
چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود کے مطابق ستمبر 2023 سے جاری آپریشن میں 7073 بجلی چوروں کو 60 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 3299 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا، جبکہ واجبات ریکوری مہم کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد صارفین سے 7 ارب روپے سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں۔
انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ آئیسکو چیئرمین ڈاکٹر طاہر مسعود، بورڈ ممبران اور انتظامیہ حکومتی ہدایات پر بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے لیے آئیسکو میں 12 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔