آزاد کشمیرانتخابات میں کم ٹرن آؤٹ، ہمارا بائیکاٹ کافیصلہ درست ثابت ہوا،پی ٹی آئی
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مسترد، کشمیر مسئلے کو سیاسی نعروں سے بچانے کا مطالبہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں کم ٹرن آؤٹ سے ان کا بائیکاٹ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور عوام نے انتخابی عمل کو مسترد کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ عوامی مارچ پر فائرنگ، لاٹھی چارج اور شیلنگ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، جبکہ شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کم ٹرن آؤٹ نے انتخابی عمل کو مسترد کر دیا اور انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا، جبکہ کشمیر کے مسئلے کو سیاسی نعروں کی نذر کرنا ناقابل قبول ہے۔
اجلاس میں 5 اگست کو پشاور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس میں بانی چیئرمین کو بنیادی، آئینی اور انسانی حقوق سے محروم رکھنے کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ انہیں اہل خانہ، وکلا اور پارٹی قیادت سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین کے طبی معائنے اور علاج میں رکاوٹیں ختم کی جائیں، تمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے اور سیاسی انتقام کی کارروائیاں بند کی جائیں۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پارٹی اتحاد، نظم و ضبط اور یکجہتی برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ بانی چیئرمین کی رہائی اور آئین کی بالادستی کو پارٹی کا اولین ایجنڈا قرار دیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو تنظیمی ہم آہنگی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، جبکہ طے کیا گیا کہ جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔