واٹس ایپ کی تکنیکی خرابی، متعدد صارفین کے اکاؤنٹس معطل

یہ مسئلہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے اور اسے دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔میٹا

August 5, 2026 · بام دنیا

دنیا بھر میں متعدد واٹس ایپ صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کے اکاؤنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے اچانک معطل ہو گئے، جس کے باعث انہیں میسجنگ سروس استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صارفین کے مطابق واٹس ایپ پر ایک پیغام ظاہر ہو رہا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ اور ڈیوائس کی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ پلیٹ فارم کی شرائط و ضوابط پر عمل کر رہے ہیں۔ پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جائزے کے نتائج سے 24 گھنٹوں کے اندر آگاہ کر دیا جائے گا۔

اس معاملے پر میٹا نے تصدیق کی ہے کہ یہ مسئلہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے اور اسے دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کے اکاؤنٹس تک دوبارہ رسائی بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

میٹا نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ یہ خرابی کن ممالک یا علاقوں میں زیادہ رپورٹ ہوئی، اور نہ ہی اس کی بنیادی وجہ سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپس میں شمار ہوتی ہے، جس کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے زائد ہے۔ ایسے میں معمولی تکنیکی خرابی بھی دنیا بھر میں بڑی تعداد میں صارفین کو متاثر کر سکتی ہے۔