پاکستان ریلویز کا دو بند ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان
رواں سال مزید ٹرینیں بھی بحال کی جائیں گی اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
لاہور: پاکستان ریلویز نے مسافروں کی سہولت کیلئے دو بند ٹرینیں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بابو مسافر ٹرین اور ساندل ایکسپریس کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مزید ٹرینیں بھی بحال کی جائیں گی اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
ریلوے ترجمان کے مطابق لاہور سے لالہ موسیٰ کے درمیان چلنے والی بابو مسافر ٹرین 20 اگست سے دوبارہ سروس کا آغاز کرے گی، جبکہ ملتان سے جھنگ اور سرگودھا کے راستے چلنے والی ساندل ایکسپریس 21 اگست سے بحال کر دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق دونوں ٹرینیں کورونا وبا کے دوران بند کی گئی تھیں، تاہم مسافروں کے مطالبے اور ریلوے کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان ریلویز میں بہتری لانے اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید ٹرینوں کی بحالی سے عوام کو سفری سہولت میں آسانی ہوگی۔