اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی، اربوں روپے کے پلاٹس فروخت
پہلے دو روز میں مجموعی طور پر 16.438 ارب روپے مالیت کے پلاٹس فروخت ہوئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی جاری ہے، جہاں دوسرے روز مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18 کو 1212 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔
کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مطابق جناح کنونشن سینٹر میں سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کا سہ روزہ نیلام عام جاری ہے، جس کے پہلے دو روز میں مجموعی طور پر 16.438 ارب روپے مالیت کے پلاٹس فروخت ہوئے۔
سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ دوسرے روز مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18، 1212 ملین روپے جبکہ ایگرو فارم نمبر 17 اے کو 966 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔
اسی طرح بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی تعمیر شدہ دکان نمبر 8 اے، 152.646 ملین روپے، شاپ نمبر 10 اے، 147.706 ملین روپے جبکہ دکان نمبر 12 اے، 153.634 ملین روپے میں فروخت ہوئی۔
سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کے دوسرے روز مجموعی طور پر 2631.986 ملین روپے مالیت کے پلاٹس فروخت ہوئے، جبکہ پہلے روز 13806.87 ملین روپے مالیت کے پلاٹس نیلام کیے گئے تھے۔
مزید بتایا گیا کہ کمرشل پلاٹس کی سہ روزہ نیلامی 6 اگست تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔