بلوچستان سے چینی کمپنی کی واپسی، امریکا پاکستان کے کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار
امریکا پاکستان میں معدنی وسائل بالخصوص تانبے، اینٹیمونی اور دیگر اہم معدنیات کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔
اسلام آباد: بلوچستان کے معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک چینی کمپنی کے منصوبے سے پیچھے ہٹنے کے بعد امریکا نے پاکستان کے کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
امریکی سفارتی حکام کے مطابق امریکا پاکستان میں معدنی وسائل بالخصوص تانبے، اینٹیمونی اور دیگر اہم معدنیات کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔ امریکی کمپنیاں پاکستان کے معدنی شعبے میں شراکت داری اور نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس معدنی وسائل کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن میں بلوچستان کے علاقے خاص طور پر اہم ہیں۔ امریکا ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں کے علاوہ دیگر قابل عمل کان کنی منصوبوں کے لیے مالی تعاون فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم امریکی سرمایہ کار ان خطرات کو سمجھتے ہوئے پاکستان میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی حکام نے کہا کہ مقامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے سیکیورٹی اور دیگر مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں تانبے اور اہم معدنیات کے ذخائر مستقبل میں عالمی سپلائی چین میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے بڑے معدنی منصوبوں میں شامل ہے، جس میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی موجود ہے۔ امریکا کے مطابق آنے والے برسوں میں کان کنی کا شعبہ پاکستان کی معیشت کے لیے اہم ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔