میزائلوں کی قلت پر ٹرمپ برہم،وزیر دفاع سے سخت سوالات کر دیے

ٹرمپ نے وزیر دفاع سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی اور پوچھا کہ ہتھیاروں کی کمی کا مسئلہ اب تک کیوں برقرار ہے۔

August 6, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر ملک کے میزائل اور اسلحہ ذخائر میں کمی کے معاملے پر وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سے سخت سوالات کیے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے دفاعی حکام سے وضاحت طلب کی کہ اہم ہتھیاروں کی دستیابی سے متعلق مسائل اب تک مکمل طور پر حل کیوں نہیں ہو سکے۔

 امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سے امریکی فوج کے اسلحہ اور میزائل ذخائر میں کمی کے معاملے پر سوالات کیے۔

رپورٹ کے مطابق کیمپ ڈیوڈ میں ہونے والے اجلاس میں ٹرمپ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے گائیڈڈ میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام کے لیے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کی دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ اس بات پر حیران تھے کہ انہیں پہلے بتایا گیا تھا کہ اسلحہ ذخائر سے متعلق مسائل حل ہو چکے ہیں، تاہم صورتحال میں مکمل بہتری نہیں آ سکی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ ٹرمپ نے وزیر دفاع سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی اور پوچھا کہ ہتھیاروں کی کمی کا مسئلہ اب تک کیوں برقرار ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ محدود اسلحہ ذخائر نے امریکی فوجی منصوبہ بندی اور ممکنہ کارروائیوں کے فیصلوں پر اثر ڈالا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اپنے وزیر دفاع کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے ایسی رپورٹس کو غلط قرار دیا اور کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ دفاعی معاملات پر مکمل توجہ دے رہی ہے۔