تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی،ایاز صادق کا مؤقف
عامر ڈوگر سے ملاقات میں صرف اجلاس اور یوم آزادی تقریب پر گفتگو ہوئی
فائل فوٹو
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی کوئی نئی دعوت نہیں دی، جبکہ عامر ڈوگر سے ملاقات میں صرف قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس اور یوم آزادی کی تقریب سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ عامر ڈوگر سے ملاقات کے دوران یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے نام طلب کیے گئے تھے، اس کے علاوہ مذاکرات سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کی کسی سے مذاکرات کے حوالے سے بات ہوئی ہے تو انہیں اس بارے میں علم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود مذاکرات کی دعوتیں دیتے دیتے تھک چکے ہیں، اس لیے اب مزید دعوت دینے کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم بھی متعدد مرتبہ پارلیمنٹ کے فورم پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم جن اپوزیشن ارکان کی وجہ سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، انہوں نے اس کی بحالی کے لیے کوئی درخواست نہیں دی۔
ایاز صادق نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل باہمی بیٹھ کر بات چیت کرنے میں ہے، لیکن میڈیا میں بیانات دینے سے مذاکرات نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب مذاکرات کے لیے کیا تھا، لیکن شاید انہیں اس کی اجازت نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر تحریک انصاف کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے پاس موجود عملہ واپس کر دیا جائے تو اسے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ اگر اپوزیشن لیڈر ان کے چیمبر میں نہیں آنا چاہتے تو کمیٹی روم میں ملاقات کر سکتے ہیں، وہ اپنا چیمبر بھی خالی کرنے کو تیار ہیں، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی۔