یمن کے صوبے مارب میں حوثی حملے،10 افراد ہلاک
یہ واقعات ایک روز بعد پیش آئے جب مارب میں حوثیوں کے میزائل حملوں میں حکومتی فورسز کے درجنوں اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
یمن کے تیل کی دولت سے مالا مال صوبے مارب میں حوثی فورسز اور حکومتی دستوں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق تازہ حملوں میں یمنی حکومتی فورسز کے 8 اہلکار جان سے گئے جبکہ 12 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب مارب شہر کے رہائشی علاقوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر گولہ باری کے نتیجے میں 2 شہری بھی ہلاک اور 14 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی کارروائی میں مارب کے علاقے میں موجود حکومتی فورسز کے ایک فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ واقعات ایک روز بعد پیش آئے جب مارب میں حوثیوں کے میزائل حملوں میں حکومتی فورسز کے درجنوں اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں اور سعودی عرب کی حمایت رکھنے والی یمنی حکومت کے درمیان 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی گزشتہ ماہ ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد ملک میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے لگی ہے۔
اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر جنگ کی جانب بڑھنے کے خطرے سے دوچار ہے۔
تازہ جھڑپوں کے بعد مارب سمیت یمن کے دیگر علاقوں میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔