ریاض،صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی،16 افراد جاں بحق
حادثہ موسیٰ سنایا انڈسٹریل ایریا میں اتوار کو دوپہر کے وقت پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے صنعتی علاقے میں صوفہ تیار کرنے والی فیکٹری میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ موسیٰ سنایا انڈسٹریل ایریا میں اتوار کو دوپہر کے وقت پیش آیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔
بنگلہ دیشی سفارتی حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد بنگلہ دیشی شہری تھے۔ بنگلہ دیش کی وزارت برائے مہاجرین کی جانب سے بھی 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں 10 کا تعلق نوگاؤں جبکہ 6 افراد کا تعلق نٹور کے نلڈنگا علاقے سے تھا۔
شدید آگ کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئیں، جس کی وجہ سے شناخت کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ریاض میں موجود بنگلہ دیشی سفارتخانے کے حکام جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور متاثرین کی شناخت سمیت دیگر قانونی و سفارتی کارروائیوں کے لیے سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
حکام کی جانب سے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔