چین میں طوفان ڈولفن کی تباہی،10 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل

معمولات زندگی متاثر،صرف شنگھائی میں 1400 کے قریب پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ متعدد مقامات پر آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔

August 10, 2026 · بام دنیا

چین کے مشرقی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان ڈولفن نے شدید صورتحال پیدا کردی، جس کے باعث حکام نے 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

چینی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان صوبہ ژے جیانگ کے ساحلی شہر یوہوان سے ٹکرایا، جہاں اس کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ بعد ازاں طوفان نے وینژو کے قریب دوبارہ ساحل کو متاثر کیا۔

طوفان کے باعث شنگھائی سمیت مختلف علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ صرف شنگھائی میں 1400 کے قریب پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ متعدد مقامات پر آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔

حکام نے طوفان کے خطرے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، تاہم صورتحال میں کچھ بہتری کے بعد الرٹ کی شدت کم کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے اثرات کے باعث بدھ تک کئی علاقوں میں شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔

ژے جیانگ کے بعض علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

شدید موسم کے باعث شنگھائی کے بعض تفریحی اور سیاحتی مقامات کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔

وینژو میں تقریباً 9 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ تائی ژو میں بھی تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

چینی حکام کے مطابق امدادی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ممکنہ سیلاب و دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔