بانی سے ملاقات نہ ہوئی تو جمعرات کو پورا پاکستان ڈی چوک بنادیں گے،سہیل آفریدی

بانی پی ٹی آئی کی فیملی گارنٹی دیتی ہےکہ ملاقات کےبعدوہ کوئی سیاسی بات نہیںکرےگی،وزیراعلیٰ پختونخوا

August 10, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جمعرات کے دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی گئی تو رات 10 بجے پورے پاکستان کو ڈی چوک بنا دیں گے، اگر بانی چیئرمین کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم اور عہدوں پر موجود لوگ ہوں گے۔

خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جمعرات والے دن تمام پارلیمنٹرین اڈیالہ جیل جائیں گے جبکہ کل تمام پارلیمنٹرین سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، بانی پی ٹی آئی کی فیملی گارنٹی دے رہی کہ ہم سیاسی بات نہیں کریں گے، ہماری گارنٹی مان کر ملاقات کروائیں وہ سیاسی بات نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہمارا صرف یہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بہترین علاج ہونا چاہئے، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی دونوں کی صحت خراب ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش ختم ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا ہے اور وہ نا حق جیل میں ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جب اغوا کیا گیا وہ بالکل فٹ تھے، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کا ذمہ دار پورا نظام ہے، حکومت، ججز، جیل انتظامیہ سب کے سب ملے ہوئے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان نفرت اور غصے کی حالت میں ہے، نوجوانوں کو ملک میں اپنا مستقبل نظر نہیں آ رہا، پاکستان کا نوجوان یہ یزیدیت اور بے روزگاری برداشت ہی نہیں کر پا رہا، میں پورا پاکستان گھوم چکا ہوں، نوجوان باہر نکلنے کو تیار ہیں، جب یہ نوجوان باہر نکلے تو میں بھی نہیں سنبھال سکوں گا، 27 ستمبر کو پوری قوم باہر ہوگی اور پھر کسی کے پاس سنبھالنے کا موقع نہیں ہوگا۔