کولمبیا: 7.4 شدت کازلزلہ، 80 افراد ہلاک، 50 عمارتیں زمین بوس ,ایمرجنسی نافذ

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:34 بجے 107 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

August 10, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

بوگوٹا: مغربی کولمبیا میں پیر کی صبح 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 80 افراد ہلاک ہوگئے، زلزلے سے 50 عمارتیں منہدم ہوگئیں، حکومت نے نیشنل ایمرجنسی نافذ کردی۔

کولمبین حکام کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے ملبے تلے درجنوں افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے، زلزلے سے ملک کے 6 ہوائی اڈوں کو نقصان پہنچا، پروازیں معطل ہوگئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز محکمہ چوکو کے علاقے سان ہوزے ڈیل پالمر میں تھا، جو بوگوٹا سے تقریباً 280 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:34 بجے 107 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

کولمبیا کے شمال مغربی صوبے چوکو کی گورنر نوبیا کارولینا کورڈوبا کوری نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی دارالحکومت کیبڈو میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

محکمہ چوکو میں شدید زلزلہ محسوس کیا گیا ہے۔ اگرچہ مرکز سان ہوزے ڈیل پالمر تھا، لیکن کیبڈو میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں نقصان کا تخمینہ لگا رہی ہیں، جبکہ زلزلے کے بعد کے جھٹکوں  کا خدشہ بھی موجود ہے۔

زلزلے کی شدت کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئی۔ ریلیف اور ريسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔