50 لاکھ روپے سر کی قیمت والاگرفتارڈاکو فرار،متعدد اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

فرار ہونے والے ملزمان میں راحب شر اور موریو شر شامل ہیں۔ راحب شر کے سر کی قیمت حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

August 11, 2026 · جرم وسزا

 گھوٹکی: اوباڑو سول کورٹ میں پیشی کے لیے لائے گئے دو ڈاکو پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے، جس کے بعد غفلت برتنے کے الزام میں متعدد پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان میں راحب شر اور موریو شر شامل ہیں۔ راحب شر کے سر کی قیمت حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق دونوں ملزمان گزشتہ روز اوباڑو سول کورٹ میں پیشی کے دوران پولیس کی نگرانی سے فرار ہوئے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے میں غفلت اور سکیورٹی میں کوتاہی کے الزام میں سرکار کی مدعیت میں اوباڑو تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب فرار ملزمان کی تلاش میں کچے کے علاقے میں رات کے وقت آپریشن بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دریائے سندھ کے کچے کے علاقوں میں پانی کی موجودگی کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش کا عمل جاری ہے جبکہ واقعے میں اہلکاروں کی غفلت کے پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔