غزہ میں شہریوں کو شدید خطرات لاحق، مزید انسانی امداد درکار ہے:اقوام متحدہ
مسلسل حملوں کے باعث فلسطینی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
غزہ: اقوام متحدہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث شہریوں کو درپیش خطرات اور انسانی امداد کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں حالیہ دنوں کے دوران فائرنگ، گولہ باری اور بحری کارروائیوں کے واقعات میں متعدد شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلسل حملوں کے باعث فلسطینی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور متاثرہ آبادی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید انسانی امداد درکار ہے۔
اقوام متحدہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کی جائے اور شہریوں سمیت شہری تنصیبات کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے۔
ادارے کے مطابق غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس کے ماہرین ایک ہزار سے زائد ایسے گولہ بارود اور دیگر جنگی مواد کی نشاندہی کرچکے ہیں جو شہریوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ نے غزہ میں ضروری سامان، طبی وسائل اور خصوصی آلات کی رسائی آسان بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے تاکہ متاثرہ آبادی کو فراہم کی جانے والی اہم انسانی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور شہریوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مسلسل اور محفوظ انسانی رسائی انتہائی ضروری ہے۔