شوہر اور 3 بیٹیوں کو زہر دینے کے الزام میں خاتون کا مبینہ ساتھی گرفتار

واقعے کے بعد اظہر علی کی حالت تشویشناک ہوگئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے، جبکہ تینوں بیٹیوں کو بروقت طبی امداد ملنے کے باعث بچا لیا گیا۔

August 11, 2026 · جرم وسزا

 فیصل آباد: پولیس نے ایک شخص کو خاتون کے شوہر اور تین بیٹیوں کو مبینہ طور پر زہر دینے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق عاصمہ بی بی نے مبینہ طور پر لاہور کے رہائشی بابر کے ساتھ مل کر 26 جولائی کو جڑانوالہ روڈ کے علاقے میں اپنے شوہر اظہر علی اور تین بیٹیوں کو زہریلی چیز دینے کی منصوبہ بندی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اظہر علی کی حالت تشویشناک ہوگئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے، جبکہ تینوں بیٹیوں کو بروقت طبی امداد ملنے کے باعث بچا لیا گیا۔

واقعے کے حوالے سے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں صدر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عاصمہ بی بی کو پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا، جبکہ مبینہ ساتھی بابر واقعے کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ تفتیشی ٹیموں نے تکنیکی ذرائع سے مدد لیتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں اور تقریباً دو ہفتے بعد بابر کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔