عبداللہ طاہر قتل کیس، ہنی ٹریپ میں مبینہ طور پر ملوث ٹک ٹاکر سے متعلق اہم انکشافات
ٹک ٹاکر کا نام لاریب ہے اور وہ سیالکوٹ سے تعلق رکھتی ہے۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاریب کی شادی مبینہ طور پر عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث شوٹرز گروہ کے سربراہ سے ہوئی تھی۔
لاہور: پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کی تحقیقات میں پولیس نے ہنی ٹریپ میں مبینہ طور پر ملوث ایک ٹک ٹاکر سے متعلق اہم تفصیلات سامنے لائی ہیں۔
پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر کا نام لاریب ہے اور وہ سیالکوٹ سے تعلق رکھتی ہے۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاریب کی شادی مبینہ طور پر عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث شوٹرز گروہ کے سربراہ سے ہوئی تھی۔ بعد ازاں دونوں میں خلع ہوگئی اور لاریب نے دوسری شادی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسری شادی ختم ہونے کے بعد لاریب نے مبینہ طور پر دوبارہ سابق شوہر سے رابطہ کیا، جس کے بعد اسے عبداللہ طاہر کو ہنی ٹریپ میں پھنسانے کا ٹاسک دیا گیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں لاریب نے عبداللہ طاہر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور ان کی تصاویر مبینہ طور پر گینگ لیڈر کے ساتھ شیئر کیں۔ تاہم جب عبداللہ طاہر کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو منصوبے میں تبدیلی کی گئی۔
پولیس کے مطابق اس کے بعد ٹک ٹاکر کو عبداللہ طاہر کے ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ تفتیش میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرائیور کو جال میں پھنسائے جانے کے بعد مبینہ طور پر قتل کی کارروائی آگے بڑھائی گئی۔
پولیس کے مطابق عبداللہ طاہر کے قتل کی مبینہ ڈیل 20 کروڑ روپے سے زائد میں طے ہوئی تھی۔ کیس میں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔