امریکی فوج توقع کے مطابق مضبوط ثابت نہیں ہوئی:ایرانی کمانڈر کے مشیر
ایران اب تک جاری جنگ میں کامیاب رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
تہران: پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مشیر محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری فوجی تنازع کے دوران ایران نے اہم جنگی تجربہ حاصل کیا ہے، جبکہ ایرانی اندازوں کے مقابلے میں امریکی فوج کمزور دکھائی دی۔
امریکی نشریاتی ادارے پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد رضا نقدی نے کہا کہ ایران اب تک جاری جنگ میں کامیاب رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق جنگ جتنی طویل ہوگی، ایرانی افواج کو اتنا ہی زیادہ عملی فوجی تجربہ حاصل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اس سے قبل امریکا کے ساتھ براہ راست جنگ کا ایسا تجربہ نہیں ہوا تھا، جس سے اسے امریکی فوج کی حکمت عملی اور صلاحیتوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملتا۔
محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ایرانی فورسز نے میدانِ جنگ میں مختلف تجربات حاصل کیے ہیں اور امریکی فوج کی صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔
EXCLUSIVE: As the war with Iran continues its uneasy stalemate, a top advisor to the overall commander of Iran's Islamic Revolutionary Guard Corps is speaking out.
The IRGC is the force largely responsible for border and internal security. The U.S. and many other nations have… pic.twitter.com/5uol8SyxE4
— PBS News (@NewsHour) August 11, 2026
ان کے بقول، جنگ کے دوران ایران نے محسوس کیا کہ امریکی فوج اس قدر مضبوط نہیں جتنی ایرانی حکام نے پہلے تصور کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربات مستقبل میں ایران کی دفاعی اور فوجی حکمت عملی تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
محمد رضا نقدی نے مزید کہا کہ ایران موجودہ جنگ میں خود کو کامیاب سمجھتا ہے اور آئندہ بھی اپنی کامیابی کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
تاہم یہ دعوے ایرانی عہدیدار کا مؤقف ہیں اور امریکی فوج یا امریکی حکام کی جانب سے ان بیانات پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ایرانی عہدیدار کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال مسلسل غیر یقینی کا شکار ہے اور دونوں ممالک کے آئندہ اقدامات پر عالمی سطح پر نظر رکھی جارہی ہے۔