مغرب نے روسی جہاز قبضے میں لیے تو جواب دیں گے:روسی صدر

روسی جہازوں کے خلاف کسی بھی اقدام کی صورت میں روس بھی اسی نوعیت کے جوابی اقدامات کرسکتا ہے۔

August 12, 2026 · بام دنیا

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خبردار کیا ہے کہ اگر مغربی ممالک نے روسی تجارتی بحری جہازوں کو قبضے میں لینے کی کوشش کی تو ماسکو اس کا جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا۔

روسی بحریہ کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے پوتن نے کہا کہ روسی جہازوں کے خلاف کسی بھی اقدام کی صورت میں روس بھی اسی نوعیت کے جوابی اقدامات کرسکتا ہے۔

روسی صدر کے مطابق ماسکو کا ردعمل صرف ان مقامات تک محدود نہیں ہوگا جہاں روسی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا، بلکہ روس اپنی ضرورت اور صورتحال کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی کارروائی کرسکتا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے روسی پیسیفک فلیٹ کے دائرہ کار کا بھی ذکر کیا۔

پوتن نے روسی بحریہ کو صورتحال پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت دفاع کو ضروری ہدایات دی جاچکی ہیں، جبکہ پیسیفک فلیٹ کی قیادت کو بھی معاملے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ وہ وزارت دفاع اور پیسیفک فلیٹ کی جانب سے آئندہ اقدامات سے متعلق تجاویز کا انتظار کر رہے ہیں۔

پوتن کا کہنا تھا کہ روس اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا، تاہم دوست اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی مفادات کی بنیاد پر قابل قبول معاہدوں کے لیے بھی تیار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے کسی بھی سمجھوتے کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریق ایک دوسرے کے مفادات اور حقوق کا احترام کریں۔