ایران نے پاسداران انقلاب کو دشمن کے علاقے تک کارروائی کی تیاری کا حکم دے دیا
امریکا کا دفاعی بجٹ ایران کے مقابلے میں تقریباً 100 گنا زیادہ ہے، تاہم ان کے مطابق حالیہ تنازع میں ایران نے مخالف فریق کے تمام 14 مقررہ اہداف کو ناکام بنایا۔
ایران نے اپنے نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب کی عسکری صلاحیتوں میں مزید اضافے کی ہدایت کردی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق مقصد یہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر سرحدوں سے باہر بھی کارروائی کی جاسکے۔
پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا ہے کہ فورس کو اپنی صلاحیتیں اس حد تک بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ایران کو درپیش کسی بھی جنگ یا جارحیت کا جواب دشمن کے علاقے تک پہنچ کر دیا جاسکے۔
ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ امریکا کا دفاعی بجٹ ایران کے مقابلے میں تقریباً 100 گنا زیادہ ہے، تاہم ان کے مطابق حالیہ تنازع میں ایران نے مخالف فریق کے تمام 14 مقررہ اہداف کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کسی مخصوص ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ ایران کو ایسی دفاعی اور عسکری صلاحیت حاصل کرنی چاہیے جس کے ذریعے ضرورت پڑنے پر جنگ کو دشمن کے علاقے تک منتقل کیا جاسکے۔
رضا نقدی کے مطابق پاسداران انقلاب کو اس صلاحیت کے حصول پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ضرورت کے وقت اسے عملی طور پر استعمال کیا جاسکے۔