آزادکشمیرمیں نئے وزیراعظم کے لیے شاہ غلام قادرکا نام پیش

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزادکشمیر کی مخصوص نشستوں اور وزیراعظم امیدوارپرمشاورت،اہم فیصلوں پر غور ہوا

August 15, 2026 · قومی

فائل فوٹو

صدر مسلم لیگ ن نوازشریف کی زیرِ صدارت مری میں مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی اجلاس میں آزاد کشمیر کے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی گئی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

میاں نواز شریف کے زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیرشاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور پارٹی کے نومنتخب ارکان نے بھی شرکت کی ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، رانا ثناء اللہ خاں، سینیٹر پرویز رشید اور انجینئر امیر مقام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال، کیپٹن (ر) محمد صفدر، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سینیٹر انوشہ رحمان اور طلال چوہدری بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پاکستان اور آزاد کشمیر کے سینئر رہنما بھی شریک ہوئے۔مری میں ن لیگ کا اعلیٰ سطح اجلاس، آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے نام پر غور آیا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا جبکہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور وزیراعظم کے امیدوار کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہ غلام قادر کا نام بطور وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئےمضبوط امیدوار پیش کردیا گیا ہے ، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔اجلاس میں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔