استنبول سے تہران جانے والی ایرانی پرواز کی انقرہ میں ہنگامی لینڈنگ
پرواز کے استنبول سے روانہ ہونے کے تقریباً 30 منٹ بعد پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا اور طیارے کا رخ ترکیہ کی جانب موڑ دیا۔
فائل فوٹو
استنبول سے تہران جانے والی ایرانی نجی ایئرلائن کی پرواز کو دورانِ سفر ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد طیارے نے ترکیہ واپس آ کر انقرہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق پرواز کے استنبول سے روانہ ہونے کے تقریباً 30 منٹ بعد پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا اور طیارے کا رخ ترکیہ کی جانب موڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق ایئربس اے 310 طیارہ تقریباً 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا، تاہم اچانک اس کی بلندی تیزی سے کم ہونے لگی۔ پائلٹ نے انقرہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
اطلاعات کے مطابق طیارے نے کچھ دیر انقرہ کے قریب فضا میں چکر لگائے اور دورانِ پرواز کچھ وقت کے لیے ریڈار سے بھی غائب ہوگیا، تاہم بعد میں تقریباً 5 ہزار فٹ کی بلندی پر دوبارہ ریڈار پر ظاہر ہوا۔
پائلٹ نے دوپہر 12 بج کر 13 منٹ پر ہنگامی صورتحال سے متعلق اطلاع دی، جبکہ طیارہ تقریباً 12 بج کر 30 منٹ پر انقرہ ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا۔
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی فوری وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ واقعے سے متعلق مزید معلومات اور تحقیقات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔