امریکا کی اقتصادی جنگ کے سامنے نہیں جھکیں گے،ایرانی صدر کا دوٹوک اعلان
ایران کو درپیش معاشی اور سیاسی دباؤ کے باوجود حکومت اور عوام اپنے مؤقف پر قائم ہیں
فائل فوٹو
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی دباؤ کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کرے گا اور موجودہ مشکلات کا مقابلہ جاری رکھے گا۔
اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو درپیش معاشی اور سیاسی دباؤ کے باوجود حکومت اور عوام اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشکلات کے سامنے ہتھیار ڈالنے یا بیرونی دباؤ قبول کرنے کا کوئی سوال نہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق امریکی اقتصادی اقدامات کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ایرانی معاشرے میں اختلافات اور تقسیم پیدا کرنا ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران موجودہ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور مشکلات کے باوجود ملک کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ موجودہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور قومی اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھیں۔