مجتبیٰ خامنہ ای کی نئی ویڈیو سامنے آگئی
رہبرِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کی آواز پر مشتمل سامنے آنے والی نمایاں ویڈیوز میں سے ایک ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)
تہران: ایرانی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک پرانی ویڈیو ایرانی میڈیا پر نشر کی گئی ہے، جس میں انہیں ایک علمی نشست کی صدارت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای ایک طالب علم کے اسلامی سیکیورٹی ماڈل سے متعلق تحقیقی مقالے کا جائزہ لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں وہ تحقیق کو سراہتے ہوئے اسے بے عیب قرار دیتے ہیں۔ رہبرِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کی آواز پر مشتمل سامنے آنے والی نمایاں ویڈیوز میں سے ایک ہے۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کا سبب بننے والے فوجی حملوں کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای بھی زخمی ہوئے اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔
ایرانی میڈیا نے پہلی بار سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ویڈیو جاری کی ہےجس میں وہ مذہبی علمی مطالعے کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے دکھائی دے رہے ہیں، اس وڈیو میں آپ ان کی گفتگو بھی سن سکتے ہیں۔ pic.twitter.com/cV29PqSPG2
— Nadir Baloch (@BalochNadir5) August 25, 2026
ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے ویڈیو کے اجرا کو ان دعوؤں کی تردید کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم ویڈیو ریکارڈ کیے جانے کی تاریخ واضح نہ ہونے کے باعث اس سے مجتبیٰ خامنہ ای کی موجودہ صحت کے بارے میں حتمی طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی مجتبیٰ خامنہ ای کی خراب صحت سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دیا ہے۔