آیت نور کیس:میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت، 4 ملزمان گرفتار
بچی کی دونوں رانوں کی ہڈیاں متاثر ہوئیں جبکہ رانوں کے درمیان سوجن بھی موجود تھی۔
photo google
ہری پور: پانچ سالہ آیت نور کے کیس میں میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق طبی معائنے کے دوران بچی کے جسم پر شدید نوعیت کے زخموں کے شواہد ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی کی دونوں رانوں کی ہڈیاں متاثر ہوئیں جبکہ رانوں کے درمیان سوجن بھی موجود تھی۔ پولیس کے مطابق شدید خون بہنے اور خوف کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق کیس میں اب تک چار مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے، جن کی عمریں 13 سے 18 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس نے مرکزی ملزم عثمان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے عدالت میں بھی جرم کا اعتراف کیا ہے۔ چوتھے ملزم حسن کی نشاندہی پر بچی کی لاش ایک غیر آباد کنویں سے برآمد کی گئی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے ڈی این اے نمونے، کپڑے اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کرکے فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی تلاش کے لیے کیے گئے سرچ آپریشن میں 400 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کیس کے دیگر پہلوؤں کی تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔