سعودی شہر طائف میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، ریڈ الرٹ جاری

۔ متعدد گاڑیاں سیلابی پانی کی زد میں آکر بہہ گئیں جبکہ کئی مقامات پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

August 27, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا(ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا(ایکس)

سعودی عرب کے شہر طائف میں شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا اور متعدد سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق طائف کے مختلف علاقوں، بالخصوص الوسام، میں موسلادھار بارش کے بعد پانی کے تیز بہاؤ نے معمولاتِ زندگی متاثر کیے۔ متعدد گاڑیاں سیلابی پانی کی زد میں آکر بہہ گئیں جبکہ کئی مقامات پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور متعدد سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہوئی۔ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کی جانب سے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سعودی محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن اور طائف کے بعض علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید موسلادھار بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مقامی آبادی کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

دوسری جانب مکہ مکرمہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے شہریوں اور زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ وادیوں، سیلابی گزرگاہوں اور ان مقامات سے دور رہیں جہاں بارش کا پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو۔

حکام کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔