یونانی پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم نے سعودی عرب پر ڈرون حملہ ناکام بنا دیا
واقعے میں ڈرونز کی مجموعی تعداد اور تباہ کیے جانے والے ڈرونز کی تعداد فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی
فائل فوٹو
سعودی عرب کے ساحلی علاقے ینبع میں تعینات یونانی فوجی اہلکاروں نے ڈرونز کے ایک گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں موجود یونانی فوجی دستے نے سعودی فضائی دفاع کے ساتھ رابطے اور تعاون کے ذریعے ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کی۔ اس دوران یونانی فوج کے زیرِ استعمال پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم سے تین میزائل فائر کیے گئے۔
یونانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے میں ڈرونز کی مجموعی تعداد اور تباہ کیے جانے والے ڈرونز کی تعداد فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ حملہ کہاں سے کیا گیا اور ڈرونز کس فریق کی جانب سے بھیجے گئے، اس بارے میں بھی کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
ینبع سعودی عرب کا ایک اہم ساحلی علاقہ ہے جہاں تیل صاف کرنے کی بڑی تنصیبات موجود ہیں۔ اس جغرافیائی اور معاشی اہمیت کے باعث علاقے میں کسی بھی ممکنہ ڈرون یا میزائل حملے کو سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور عالمی تیل کی فراہمی کے حوالے سے حساس سمجھا جاتا ہے۔
پیٹریاٹ ایک زمین سے فضا میں مار کرنے والا جدید دفاعی نظام ہے، جسے مختلف فضائی خطرات اور میزائل حملوں کے خلاف دفاع کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں یونانی دستے اسی نظام کے ذریعے مقامی فضائی دفاعی صلاحیت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
تاحال سعودی یا یونانی حکام کی جانب سے حملے کے ممکنہ ذمہ دار کے بارے میں کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا۔