روسی فوج کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

میزائل تجربہ ایسے وقت ہوا جب پلیسیسک کو ڈرون حملے کا سامنا رہا

August 28, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

ماسکو: روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنگی مشقوں کے دوران شمال مغربی علاقے آرخانگلسک  کے ‘پلیسیسک کاسموڈروم’ سے ٹھوس ایندھن  والے موبائل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

روسی اسٹریٹجک میزائل فورسز نے میزائل فائر کرنے سے قبل ایک موبائل لانچر بیٹری کو ایک دور دراز علاقے میں تعینات کیا جس کے بعد میزائل کو ملک کے مشرقی حصے میں 6700 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع جزیرہ نما کامچاٹکا  کی ‘کورا’ ٹیسٹ سائٹ کی جانب فائر کیا گیا۔

روسی فوج کا کہنا ہے کہ اس تجربے کا بنیادی مقصد میزائل سسٹم کی ٹیکٹیکل، تکنیکی اور پرواز کی خصوصیات کی تصدیق کرنا تھا۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ تمام طے شدہ اہداف مکمل طور پر حاصل کر لیے گئے ہیں، اور یہ کہ میزائل نے ہدف کی جانب ’بغیر کسی خامی کے اپنی درست پرواز‘ کو برقرار رکھا۔

بیان میں اس تجربے کے لیے استعمال ہونے والے مخصوص میزائل کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اطلاعات کے مطابق اس سے قبل مئی کے وسط میں بھی میزائل فورسز کی مشقوں کے تحت وزارت دفاع نے  ‘آر ایس-24 یارس (RS-24 Yars) میزائل سسٹم کا تجربہ کیا تھا۔

روس کی جانب سے یہ تازہ ترین میزائل تجربہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک ہفتے سے بھی کم عرصہ قبل غیر تصدیق شدہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوکرینی ڈرونز نے روس کی واحد فوجی اسپیس پورٹ پلیسیسک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔