زیلنسکی نے فوج کو روزانہ ایک ہزار ڈرون حملوں کا ہدف دے دیا
یوکرین کی جانب سے روس کے خلاف روزانہ تقریباً 300 ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں، جبکہ نیا ہدف اس تعداد سے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔
فائل فوٹو
کیف: یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روس کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
اپنے خطاب میں زیلنسکی نے یوکرینی فوج کو روزانہ کم از کم ایک ہزار ڈرون حملوں کا ہدف حاصل کرنے پر زور دیا۔ موجودہ اندازوں کے مطابق یوکرین کی جانب سے روس کے خلاف روزانہ تقریباً 300 ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں، جبکہ نیا ہدف اس تعداد سے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ فوج کے لیے واضح ہدف مقرر کر دیا گیا ہے اور ملک اس ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
زیلنسکی نے اپنے خطاب میں امریکی انٹیلی جنس سربراہ کے ماسکو کے حالیہ دورے کا بھی حوالہ دیا۔ ان کے مطابق کیف کو روسی دارالحکومت میں ہونے والی بعض ملاقاتوں سے متعلق معلومات ملی ہیں، تاہم انہوں نے ان ملاقاتوں کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔
دوسری جانب کریملن نے امریکی انٹیلی جنس سربراہ کی ماسکو میں روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ روسی حکام کے مطابق امریکی انٹیلی جنس سربراہ کی صدر ولادیمیر پیوٹن سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
زیلنسکی کی جانب سے ڈرون حملوں کا ہدف بڑھانے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون مسلسل اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔