غزہ میں اسرائیلی حملے، ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت 5 فلسطینی شہید

غزہ شہر کے مشرقی علاقے المشہرہ میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم ایک خیمے کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا

August 29, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

غزہ: غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں۔

مقامی طبی ذرائع کے مطابق غزہ شہر کے مشرقی علاقے المشہرہ میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم ایک خیمے کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی جان سے گیا۔

دوسری جانب خان یونس میں ناصر اسپتال کے طبی ذرائع نے بتایا کہ القارا کے علاقے میں المطاحین چوک کے قریب ہونے والے حملے کے بعد تین فلسطینیوں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ ان میں دو بھائی اور ان کا ایک کزن شامل تھا، جن کا تعلق عبدین خاندان سے بتایا گیا ہے۔

غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقے صبرا میں بھی ایک اسرائیلی حملے کی اطلاع ہے، جس میں ایک فلسطینی جاں بحق ہوا۔

مقامی ذرائع کے مطابق تازہ واقعات جنگ بندی کے دوران جاری مبینہ خلاف ورزیوں کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہیں، جبکہ غزہ میں شہری آبادی کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔