کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ، سوریا کمار یادیو نے خاموشی توڑ دی
مشکل حالات میں بھی وہ مثبت رہنے اور ماضی کی کامیابیوں پر شکر گزار ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
فائل فوٹو
نئی دہلی: بھارت کے سابق ٹی 20 کپتان سوریا کمار یادیو نے قیادت سے ہٹائے جانے کے فیصلے پر پہلی بار تفصیلی ردعمل دے دیا۔
سوریا کمار یادیو کے مطابق انہیں کپتانی سے ہٹائے جانے پر غصہ نہیں آیا، تاہم وہ اس فیصلے سے ضرور مایوس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ وہ مزید کچھ عرصے تک بھارتی ٹی 20 ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔
سابق کپتان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ آئندہ ٹیم کے منصوبوں میں ان کا نام شامل نہیں تو انہوں نے صورتحال کو پرسکون انداز میں قبول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بھی وہ مثبت رہنے اور ماضی کی کامیابیوں پر شکر گزار ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
یادیو نے کہا کہ بطور کپتان ان کے دو سالہ دور میں بھارت نے کوئی دو طرفہ سیریز نہیں ہاری جبکہ ٹیم نے ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹس میں کامیابیاں حاصل کیں۔ اسی وجہ سے انہیں قیادت میں تبدیلی کی ضرورت سمجھ نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ سمجھ رہے تھے کہ آئندہ دو سال کے دوران بھی ٹیم کو آگے لے جانے کی ذمہ داری ان کے پاس ہوگی اور اس عرصے میں اولمپکس سمیت مزید بڑے مقابلے ان کے سامنے ہوں گے۔
سوریا کمار یادیو نے نئے کپتان شریاس ایئر کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ کافی کرکٹ کھیلی ہے اور وہ انہیں اچھا کھلاڑی، بہترین انسان اور اچھا کپتان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں نئے کپتان کے انتخاب پر کوئی اعتراض نہیں۔
سابق کپتان کے مطابق انہیں قیادت سے متعلق فیصلے سے صرف تین روز قبل آگاہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نے حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے مختلف فیصلہ کیا۔
یادیو نے بتایا کہ اس مرحلے پر ان کے دوستوں اور اہل خانہ نے انہیں حوصلہ دیا اور سمجھایا کہ کھیل کے ساتھ ساتھ زندگی میں بھی تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔