ایران پر تازہ امریکی حملے،11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوئے ،ایرانی میڈیا
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)
تہران: ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں امریکا کی تازہ میزائل کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے خوزستان میں تین مختلف مقامات کو امریکی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جہاں 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے خوزستان کے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے امور کے ڈپٹی گورنر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حملے گزشتہ رات کیے گئے تھے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خوزستان کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی امریکی حملوں کی اطلاعات ہیں، تاہم ان کارروائیوں سے ہونے والے مجموعی جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب ایرانی ہلال احمر نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی ایران کے علاقے سیریک میں ایک شادی کی تقریب بھی مبینہ امریکی حملے کی زد میں آئی۔ ریڈ کریسنٹ کے مطابق واقعے میں ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
ایرانی حکام کے مطابق حملے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ بڑی تعداد میں زخمیوں کے باعث مقامی طبی مراکز پر اضافی دباؤ پڑنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ ایران کی جانب سے امریکی فوجی تنصیبات اور مفادات کو نشانہ بنانے کے دعوے بھی کیے جاتے رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا اور حکام کی جانب سے جاری جانی نقصان کے اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے ان مخصوص حملوں اور ہلاکتوں پر تفصیلی مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔