ٹرمپ نے ہنگ کاؤ کو امریکی نیول سیکرٹری نامزد کردیا

ا مریکی بحریہ اور میرین کور کے اہلکاروں کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہوگا

September 2, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگ کاؤ کو امریکا کا مستقل سیکرٹری بحریہ مقرر کرنے کے لیے نامزد کردیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی سینیٹ سے ہنگ کاؤ کی نامزدگی کی جلد توثیق کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہنگ کاؤ کو جنگی تجربہ رکھنے والا فوجی قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ امریکی بحریہ اور میرین کور کی قیادت کے لیے موزوں شخصیت ہیں۔

ٹرمپ نے ہنگ کاؤ کو ایک مضبوط اور محب وطن فوجی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ چار ماہ کے دوران ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دی ہیں۔

ہنگ کاؤ نے اپنی نامزدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی بحریہ اور میرین کور کے اہلکاروں کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہوگا۔ انہوں نے امریکی بحری جہازوں کی تیاری کا عمل تیز کرنے اور ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

ہنگ کاؤ اس وقت قائم مقام سیکرٹری بحریہ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ وہ اپریل 2026 میں سابق سیکرٹری بحریہ جان فیلن کے استعفے کے بعد سے اس عہدے پر موجود ہیں۔ ہنگ کاؤ امریکی بحریہ میں تقریباً 25 سال خدمات انجام دے چکے ہیں۔