پاکستان اور کرغزستان میں مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط
دونوں ممالک کی وزارت تعلیم کے درمیان تعاون، منشیات اور نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور کرغزستان میں مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط
بشکیک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر موجود تھے۔
دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے فروغ سے متعلق معاہدہ بھی طے پایا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی وزارت تعلیم کے درمیان تعاون، منشیات اور نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغزستان کی وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کی یادداشت کا تبادلہ ہوا، جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔
ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ مزید برآں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ملزمان کی حوالگی سے متعلق معاہدہ بھی طے پاگیا۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف بشکیک کے صدارتی محل پہنچے تھے، جہاں ان کا باضابطہ استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم کی آمد پر پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے اور کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا ایک دوسرے سے تعارف کرایا۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔