ایران نے خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کی چینی تجویز کی حمایت کردی
حقیقی اور دیرپا استحکام اسی وقت ممکن ہے جب خطے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا سیکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے۔
فائل فوٹو
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ میں مشترکہ سیکیورٹی کے حوالے سے چین کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
باقر قالیباف کے مطابق خطے میں مشترکہ سیکیورٹی کا نظام قائم کرنے کی چینی تجویز ان اصولوں سے مطابقت رکھتی ہے جن کی ایران طویل عرصے سے حمایت کرتا آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنے مستقبل اور سیکیورٹی کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔ ان کے بقول حقیقی اور دیرپا استحکام اسی وقت ممکن ہے جب خطے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا سیکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو بیرونی طاقتوں پر انحصار کم کرکے باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس مقصد کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ بھی مشرق وسطیٰ میں نئے سیکیورٹی ڈھانچے کے قیام کی تجویز پیش کرچکے ہیں۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے خطے میں مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سیکیورٹی نظام کی ضرورت پر زور دیا تھا۔