چنیوٹ: کھیتوں سے 3 بچوں کی لاشیں برآمد، آئی جی کا نوٹس
اطلاع ملنے پر ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف سمیت سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
چنیوٹ: کھیتوں سے 3 بچوں کی لاشیں برآمد، آئی جی کا نوٹس
چنیوٹ کے تھانہ صدر کی حدود میں کھیتوں سے تین بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جبکہ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں بچوں کی لاشیں چک 126 ج ب کے کھیتوں سے برآمد ہوئیں۔ اطلاع ملنے پر ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف سمیت سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
آئی جی پنجاب نے ڈی پی او چنیوٹ کو واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بچوں کی ہلاکت میں ملوث مبینہ ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم بھی دیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور فرانزک شواہد کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 30 اگست 2026 کو شہری شاہنواز پر اپنی اہلیہ کے قتل کا الزام سامنے آیا تھا، جس کے بعد وہ بچوں سمیت لاپتا ہوگیا تھا۔ اس معاملے پر تھانہ صدر میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف کے مطابق بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد واقعے کی تحقیقات مزید اہم ہوگئی ہیں، جبکہ مبینہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات اور بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دار شخص کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔