چدھڑ اور مومنہ نے ایک دوسرے پر نئے الزامات عائد کر دیے
ثاقب چدھڑ کا دعویٰ کہ انہوں نے رمشا اقبال کو آسٹریلیا بھیجنے اور نوکری دلوانے میں مدد کی۔ انٹرویو
مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ
لاہور: پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے جاری قانونی جنگ اور تنازع میں نیا موڑ آ گیا ہے،ثاقب چھڑ نے ایک انٹرویو میں فریقین کے خلاف کئی بڑے انکشافات کیے ہیں۔
یاد رہے کہ اس تنازع کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب مومنہ اقبال نے انسٹاگرام پر ایک بیان کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ایک برطرف یا موجودہ ایم پی اے کی طرف سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں این سی سی آئی اے میں کیس جانے کے بعد ثاقب چدھڑ کا نام سامنے آیا تھا، اور دونوں فریقین اس معاملے پر قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اب ثاقب چدھڑ نے اپنے تفصیلی انٹرویو میں چند دھماکہ خیز دعوے کیے ہیں۔
مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہی وہ شخص ہیں جنہوں نے رمشا کو اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا بھیجا تھا اور آسٹریلیا میں اپنی سیکیورٹی فرم میں انہیں نوکری بھی دلوائی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ رمشا اقبال نے آسٹریلیا میں ان کے کاروباری پارٹنر کے خلاف ہراسانی کا کیس دائر کیا تھا، جہاں انہوں نے ایک ملین ڈالر کا مطالبہ کیا تھا لیکن بعد میں یہ مقدمہ ایک لاکھ 65 ہزار ڈالر پر طے کر لیا گیا، جو وہ واپس پاکستان لے کر آئیں۔
ثاقب کا کہنا ہے کہ دونوں بہنیں اب ان کے خلاف بھی بالکل یہی طریقہ کار استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ثاقب چدھڑ نے انکشاف کیا کہ مومنہ اقبال کو اس بات کا بخوبی علم تھا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں، اور اس کے باوجود وہ ان کی دوسری بیوی بننا چاہتی تھیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ مومنہ خود 2018 میں شادی شدہ تھیں اور بعد میں طلاق یافتہ ہوئیں۔
ثاقب کے مطابق انہیں اس پہلی شادی کا بعد میں پتہ چلا اور وہ یہاں تک جانتے ہیں کہ مومنہ کا مبینہ پہلا شوہر کون تھا۔ ثاقب چدھڑ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مومنہ اقبال کے وکیل نے ان سے رابطہ کر کے بیس کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ جب انہوں نے اس تصفیے سے انکار کیا تو وکیل کی طرف سے 9 کروڑ روپے کی رعایت دی گئی جبکہ مومنہ کی طرف سے معاملہ گیارہ کروڑ روپے میں حل کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس مومنہ کے وکیل کے ساتھ ملاقات اور سیٹلمنٹ کے شواہد بھی موجود ہیں۔