لوئر کوہستان میں پولیس موبائل کھائی میں جا گری، اے ایس آئی جاں بحق، حوالدارزخمی

حادثہ جیجال کے علاقے شیطان پہاڑی کے قریب رات گئے معمول کی گشت کے دوران پیش آیا۔

September 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مانسہرہ: لوئر کوہستان جیجال کے علاقے شیطان پہاڑی کے قریب گشت کے دوران پولیس موبائل وین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں پٹن کا رہائشی اے ایس آئی جاں بحق جبکہ گاڑی کی ڈرائیونگ کرنے والا مانسہرہ کا رہائشی حوالدار شدید زخمی ہوگیا۔

جاں بحق اے ایس آئی کی میت پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ حادثہ میں زخمی ہونے والے حولدار زاہد خان سواتی کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے ایوب میڈیکل کمپلکس منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لوئر کوہستان پولیس میں تعینات اے ایس آئی نور محمد مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے حوالدارڈرائیور زاہد خان سواتی کے ہمراہ رات گئے معمول کی گشت پر تھے کہ جیجال کے علاقے شیطان پہاڑی کے قریب ان کی موبائل وین گہری کھائی میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں نور محمد اے ایس آئی جاں بحق جبکہ ڈرائیور زاہد خان سواتی شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس اے ایس آئی کی میت پوسٹمارٹم اور دیگر قانونی تقاضوں کے بعد ورثائ کے حوالے کر دی گئی جبکہ حادثہ میں زخمی ہونے والے حوالدار زاہد خان سواتی کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے ایوب میڈیکل کمپلکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا۔